پی ٹی وی میں جعلی اسناد پرنوکری حاصل کرنے والے متعددملازمین برطرف

Founder Editor Tazeen Akhtar..

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی سیکرٹری اطلاعات ومنیجنگ ڈائریکٹر سردار احمد نواز سکھیرا کے چارج سنبھالنے کے بعد پاکستان کے قومی چینل پی ٹی وی میں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور ان کے خصوصی احکامات پر ادارے میں کرپشن اور جعل سازی کے خلاف عملی اقدامات کا آغاز ہو گیا ہے۔ پی ٹی وی میں ماضی کے ادوار میں غلط طور پر بھرتی ہونے والے ملازمین کی جانچ پڑتال کے بعد ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پی ٹی وی میں مختلف کیڈرز کے متعدد ملازمین کو تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہونے پر نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔

یہ افراد جعلی ڈگری پر پی ٹی وی میں ملازمت حاصل کر کے فنانس، آئی ٹی اور ایڈمن سمیت مختلف شعبوں میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اسناد کو متعلقہ بورڈ کی طرف سے غیر مصدقہ قرار دینے پر ان کے خلاف کاروائی کی گئی۔ادارے میں اسناد کی جانچ پرتال کا سلسلہ جاری ہے ۔پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ادارے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ادارے سے کرپشن کے خاتمے کو انہوں نے اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

پی ٹی وی کی ترقی و استحکام کے لئے مزید اقدامات کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی وی میں گزشتہ ادوار میں دھڑا دھڑ غیر قانونی طور پر اور مشکوک و جعلی اسناد پر ملازمین کی بھرتی کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی جبکہ مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔

سردار احمد نواز سکھیرا نے اپنی انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی ٹی وی چینل میں بہتری لانے کیلئے سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں جن کو میرٹ پر بھرتی ہونے والے ملازمین نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پی ٹی وی کے مسائل پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی اور امید کی جاسکتی ہے کہ پی ٹی وی جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ بحال کرنے میں کامیاب ہو جائے گا