فین ساز انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لئے ایوان صدر ان سے بھر پور تعاون کرے گا

Founder Editor Tazeen Akhtar..

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کم سرمایہ والی انڈسٹریز کے ٹیکس ریٹرن میں تیزی لائی جائے اور انہیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ملک کی معیشت ترقی کر سکے۔ یہ بات انہوں نے ایوان صدر میں چیئرمین پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرز ایسوسی ایشن گجرات نبیل احمد الیاس کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان کی فین انڈسٹری کم توانائی استعمال کرنے والے پنکھے تیار کر رہی ہے، توانائی کی موجودہ صورتحال میں جس کی غیر معمولی اہمیت ہے، اس رجحان میں مزید بہتری لانے کے لئے ضروری ہے کہ فین انڈسٹری اور متعلقہ وزارتوں کے باہمی رابطوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ متعلقہ صنعت کے مسائل حل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صنعت کار سرکاری رعایات کے درست استعمال کو یقینی بنا کر دستیاب سہولتوں کی افادیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ فین ساز انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لئے ایوان صدر ان سے بھر پور تعاون کرے گا۔ انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ وہ پنکھا ساز صنعت کے مسائل کے جلد حل کے لئے فوری اقدامات کرے، اس سلسلے میں وزارتِ خزانہ کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔