غیر ممالک میں پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں والا سلوک ناقابلِ قبول۔یورپین یونین کے ساتھ ری- ایڈمیشن معاہدے معطل

Founder Editor Tazeen Akhtar..

اسلام آباد ۔ 06نومبر(اے پی پی) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے یورپین یونین کے ساتھ ری۔ایڈمیشن معاہدے کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ سے جاری ہونے والی پریس ریلز کے مطابق 2009 ء میں طے پانے والے معاہدے کے تحت یورپین یونین میں شامل ممالک سے غیر قانونی طور پر جانے والے اورقیام پذیر پاکستانیوں کو ملک واپس بھیجا جاتا تھا، معاہدے کے تحت کسی بھی پاکستانی کو یورپین یونین میں شامل ممالک سے ڈی پورٹ کرنے سے پہلے حکومت پاکستان سے اس کی شہریت کی تصدیق لازمی قرار پائی تھی۔کچھ عرصے سے بعض ممالک کی طرف سے معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِداخلہ نے معاہدے کو معطل کر نے کے احکامات جاری کئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ممالک میں پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں والا سلوک ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہی لوگوں کو واپس آنے کی اجازت دیں گے جن کے کوائف اور پاکستانی ہونے کی مکمل تصدیق ہو گی اور آئندہ کسی ایسے شخص کو قبول نہیں کیا جائے گا جس کے خلاف غیر ملک میں دہشت گردی کا الزام ہو تاوقتیکہ متعلقہ ملک پاکستان کو تما م ثبوت فراہم نہ کرے۔