تحریک انصاف جبہ مدینہ ٹاؤن کے مسائل حل کروائے گی، کنول شوزب

Founder Editor Tazeen Akhtar..

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف یوتھ شمالی پنجاب کی رہنماء کنول شوزب نے کہا ہے کہ جبہ مدینہ ٹاؤن کی پسماندہ بستی کو تعلیم، صحت اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی اس علاقے کے ایم این اے اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر وہ اب تک یہ ذمہ داری ادا نہیں کرسکے تو اب یہ یہاں کے مکینوں کا کام ہے کہ آئندہ الیکشن میں ان کو مسترد کر کے تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں۔ وہ گزشتہ روز اس علاقے میں اپنی مدد آپ کے تحت محترمہ فوزیہ ملک کے قائم کردہ سلائی سنٹر اور پرائمری سکول کا دورہ کرتے ہوئے مقامی خواتین کے اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی خواتین موجود تھیں جنہوں نے علاقے کے مسائل سے کنول شوزب کو آگاہ کیا۔ خواتین نے بتایا کہ ہزاروں کی آبادی کے لئے نہ تو پکی گلیاں ہیں اور نہ ہی نکاسی آب کا مناسب انتظام ہے۔ بچوں کی پڑھائی کیلئے ہم محترمہ فوزیہ ملک کے شکر گزار ہیں مگر اکیلی عورت کیا کر سکتی ہے۔ یہاں علی ماڈل سکول ٹرسٹ کے تحت قائم ہے جہاں تعلیم کا اچھا معیار قائم ہے مگر یہاں غریبوں کے بچوں کو داخلہ نہیں دیا جاتا اور امیروں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ صحت کے لئے کوئی مرکز موجود نہیں۔ علاقے میں صفائی کا فقدان ہونے کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل گئی ہیں۔

فوزیہ ملک نے بتایا کہ وہ 100بچوں کو پڑھا رہی ہیں جبکہ مزید 100بچے منتظر ہیں مگر ہمارے پاس ان کے لئے وسائل نہیں ہیں۔

کنول شوزب نے تمام مسائل سنے اور اپنے خطاب میں کہا کہ ان مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے جو کہ حکومت نے پوری نہیں کی۔ تحریک انصاف ان مسائل کے حل کے لئے کوششیں کرے گی اور مخیر حضرات کا تعاون بھی حاصل کریگی۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے شناختی کارڈ ضرور بنوائیں اور اس کے بعد اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں۔ آئندہ جب یہاں موجودہ ارکان اسمبلی ووٹ مانگنے آئیں تو ان کو احساس دلائیں۔ اپنی عزت کروائیں تب دوسرے آپ کی عزت کریں گے۔