امریکہ کا پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی میں اضافے کے لئے عزم کااظہار

Founder Editor Tazeen Akhtar..

حکومتِ امریکہ نے تعلیم، معاشی  سرگرمیوں میں شرکت اور صنفی مساوات کے متعلق ایک پینل مباحثے کے دوران پاکستانی خواتین کے لئے ترقی کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہارکیا۔

        امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر جیری بسن نے یو ایس ایڈ کے فنڈ سے چلنے والے ٹریننگ فار پاکستان پراجیکٹ کے تعاون سے منعقدہ ایک پروگرام میں تعلیم و تدریس، سرکاری اور نجی شعبے اور سماجی بہبود کے اداروں سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ سو شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لئے ایک واضح راستے کے بغیر لڑکیوں اور ان کے خاندانوں کو اس بات پر قائل کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ تعلیم اُن کے مستقبل کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ فار پاکستان منصوبے کے ذریعے یو ایس ایڈ لڑکیوں اور خواتین کے لئے تعلیم اور کام کے مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے کام کررہا ہے۔

        پینل مباحثے کی میزبانی کے فرائض یو ایس ایڈ کے تعاون سے چلنے والے پاتھ ویز ٹو سکسیس نیشنل مینٹورنگ پروگرام کی رابطہ کار منیزہ ہاشمی نے کی جبکہ پینل کے شرکاء  میں معروف مصور اور فنکار سلیم ہاشمی، مقرر اور پریزنٹر تنزیلہ خان، ٹی وی فنکارہ سیمی راحیل، سماجی کارکن اور بیوٹیشن مسرت مصباح اور ماہر قانون و انسانی حقوق کی کارکن رخشندہ ناز شامل تھیں۔

        ٹریننگ فار پاکستان منصوبہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے انہیں مارکیٹ کی مناسبت سے مہارتوں کے حصول، کام کے مقامات کے لئے انہیں تیار کرنےاور کاروبار و روزگار سے متعلق کوششوں میں تعاون کے ذریعے رسمی و غیر رسمی فنی و تعلیمی مواقع کی  فراہمی کے لئے خیبرپختونخوااور سندھ میں تین ہزار سے زائد خواتین کے ساتھ ملکر کام کررہا ہے۔

       اطلاعات ٹیکنالوجی، کاروبار، قانون، مائیکرو فائنانس، بینکنگ، درس و تدریس، فنون، کھیلوں اور ذرائع ابلاغ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی تیس سے زائد کامیاب اور معروف خواتین نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری رہنمائی پروگرام کے تحت تین سو لڑکیوں کے لئے ایک قومی رہنمائی نیٹ ورک میں شرکت کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔  اپنے اپنے شعبوں میں مہارت رکھنے  والی یہ خواتین کامیابی کی راہ میں حائل مشکلات پر قابو پانے اور پیشہ ورانہ ترقی کی راہ ہموار کرنے سے متعلق رہنمائی کے لئے ایک ماہ میں کم از کم دو مرتبہ لڑکیوں اور اُن کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کرتی ہیں ۔

       ٹریننگ فار پاکستان منصوبہ ایک کثیر سالہ پروگرام ہے جس کا مقصد تعلیم، توانائی، معاشی ترقی و زراعت، صحت و استحکام اور نظم و نسق کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنا ہے۔  منصوبے کے تحت حکومتِ پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے مطابق یو ایس ایڈ کے اشتراک ِ کاروں کی صلاحیت میں بہتری لاتے ہوئے تربیت کے وسیع وسائل کو بروئے کار لایاجاتا ہے۔

        یو ایس ایڈ اور پاکستان میں اس کے پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔

 10 Aug 2017 www.usaid.gov/pakistan